مضامین ومقلات

اطاعتِ رسول قرآن و حدیث کی روشنی

خطبہ جمعہ مسجدِ توحید زیرومائل ارریہ بہار شیخ ضیاء الحق سلفی حفظہ اللہ

آج بتاریخ 5 فروری 2021 مسجدِ توحید زیرومائل ارریہ (زیر نگرانی حسنہ ایجوکیشنل ٹرسٹ ارریہ بہار الہند) میں فضیلۃ الشیخ ضیاء الحق سلفی حفظہ اللہ نے آج کے خطبہء جمعہ میں اطاعتِ رسول کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کا انسان پر بہت بڑا احسان ہے کہ اس نے انسان کو پیدا کرنے کے بعد اس کی ہدایت و راہنمائی کے لئے وقتاً فوقتاً اپنے پیغمبر اور رسل بھیجے تاکہ وہ صراطِ مستقیم کی طرف اس کی راہنمائی کر سکیں۔
جو شخص بھی انبیاء کرام ورسل عظام کی اتباع کرے گا تو وہ جنت کا وارث بنے گا ، بصورتِ دیگر قیامت والے دن اس کا محاسبہ ہوگا۔
دورانِ خطبہ اپنے موضوع کی مزید وضاحت کرتے ہوئےمولانا نے کہا کہ تمام انسانوں کی دنیاوی اور اخروی کامیابی کا دار و مدار حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع پر ہے جبکہ ان کی مخالفت کرنا سراسر گھاٹے اور خسارے کا سودا ہے۔ بعینہ سورہ الاحزاب آیت نمبر 21 کی وضاحت کرتے ہوئے فرمایا کہ(مسلمانو!) تمہارے لیے اللہ کے رسول (کی ذات) میں بہترین نمونہ ہے، جو بھی اللہ اور یوم آخرت کی امید رکھتا ہو اور اللہ کو بکثرت یاد کرتا ہو۔
نمونہ اس چیز کو کہا جاتا ہے جس کو اپنے سامنے رکھ کر اس کے سانچے میں دوسری چیز کو ڈھالا جائے، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے نمونہ ہونے کا مطلب یہ ہوا کہ رسول اللہ ﷺ کی حیات مبارکہ کو اپنے سامنے رکھ کر اس کے مطابق اپنے آپ کو ڈھالا جائے اور ہر معاملے میں ان کی فرمانبرداری کی جائے۔

خطبہء جمعہ کے اخیر میں مولانا نے کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت خویش واقارب،ماں باپ اور اولاد سے بھی زیادہ رکھناایمان کاجزواعظم ہے۔ امام الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا:تم میں سے کوئی اس وقت تک مومن نہیں ہوسکتا ،جب تک میں اس کے نزدیک اس کے ماں باپ، اولاد اور سب لوگوں سے زیادہ محبوب نہ ہوجاؤں۔(صحیح بخاری) اس لیے قرآن مجید نے رسول اکرم ﷺکی محبت کو ہرچیز کی محبت پرترجیح دی ہے۔آج امت ِمسلمہ کی زبوں حالی کا سب سے اہم سبب یہی ہے کہ ہم نے اللہ اور اس کے رسول ﷺکی محبت کی بجائے دنیا کی محبت کو دلوں میں سما لیا ہے۔ صحابۂ کرام ؓ کی سرورِ عالم ﷺکے ساتھ محبت وعقیدت صحیح معنوں میں ہمارے لیے مشعل راہ ہے، وہ اپنے محبوب ترین پیغمبرصلی اللہ علیہ وسلم سے سچی محبت رکھتے اورآپ صلی اللہ علیہ وسلم پر سب کچھ نثار کرنے پر خوشی محسوس کرتے تھے، لیکن آج کے دور میں ہم ان کے برعکس کر رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو صحیح سمجھ عطا فرمائے۔
پھر اخیر میں مولانا نے دعائیہ کلمات سے خطبہء جمعہ کا اختتام کرتے ہوئے فرمایا کہ اللہ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں صحیح معنوں میں متبعِ رسول ﷺ بنائے۔اللہ تعالیٰ ہمیں برائیوں سے محفوظ رکھے اور جنت کا حصول ہمارے لئے آسان فرمائے ۔آمین                      

✍️اسرارالحق عالیاوی
داعی حَسَنہ ایجوکیشنل ٹرسٹ ارریہ

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button
Close
Close